Saturday, May 18, 2024

قائم مقام اسپیکر نے پی ٹی آئی کے 123 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لئے

قائم مقام اسپیکر نے پی ٹی آئی کے 123 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لئے
April 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے پی ٹی آئی کے 123 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لئے۔

قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد استعفے دیدیئے تھے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ میرے 123 ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کا اقدام قابل تحسین ہے۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ استعفوں کو اسپیکر قاسم سوری نے قبول کیا ہے یہ ارکان اسمبلی ایک خود مختار اور امریکی سامراج کے خلاف کھڑے ہیں۔ استعفیٰ دینے والے ارکان مجرموں کو بیرونی سازش سے اقتدار دلانے کے خلاف ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی عہدیداروں نے اپنے حلقوں میں اپنی نشست کو چھوڑ دیا، آج چوتھا دن ہے پاکستان میں کوئی حکومت نہیں ہے۔