Friday, March 29, 2024

قاسم سوری پر اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں حملہ

قاسم سوری پر اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں حملہ
April 29, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری پر اسلام آباد کی کوہسار مارکیٹ میں حملہ کیا گیا۔

سیاسی گہما گہمی تشدد کا رخ اختیار کرنے لگی۔ اسلام آباد میں سابق اسپیکر قاسم سوری اور ان کے ساتھیوں پر نامعلوم ملزمان نے حملہ کر دیا۔ مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور پی ٹی آئی مردہ باد کے نعرے لگائے۔

سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے قانونی چارہ جوئی کیلئے تھانہ کوہسار میں ایس ایچ او کے نام درخواست دیدی ۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ساتھیوں کے ساتھ سحری کرنے ریسٹورنٹ میں بیٹھا تھا کہ نامعلوم افراد نے دھاوا بول دیا۔ ملزمان نے ڈنڈوں سے حملہ کرکے جان سے مارنے کی کوشش کی۔ مجھ پر اور میرے ساتھیوں کے اوپر تشدد کیا گیا۔ مارکیٹ میں موجود دیگر افراد نے بیچ بچاؤ کراکر ہماری جان بخشی کرائی۔ ملزمان دو عدد ڈبل کیبن میں فرار ہو گئے۔ قانون چارہ جوئی کرکے انصاف دیا جائے۔

حملے کے بعد قاسم سوری اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولی کلینک پہنچے اور میڈیکل کرایا۔ ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد پولیس فیصل کامران کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سیف سٹی اور ریسٹورنٹ کے کیمروں سے ملزمان کو ٹریس کیا جارہا ہے۔ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔