Saturday, May 18, 2024

ملک میں پچھلے آٹھ ماہ سے جنگل کا قانون رائج ہے، عمران خان

ملک میں پچھلے آٹھ ماہ سے جنگل کا قانون رائج ہے، عمران خان
December 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں عاصمہ جہانگیر آڈیٹوریم میں ”قانون کی حکمرانی“ کے عنوان سے منعقدہ وکلاء کے بڑے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ وکلا کمیونٹی سے اپیل ہے کہ قانون کی عملداری کے لئے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اُن کی جدو جہد قانون کی حکمرانی کیلئے ہے، انہوں نے حکومت میں بھی اسی لئے جدوجہد کی اور کسی کو، این آر او نہیں دیا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں کرپشن کیسز ختم کرانے کیلئے قانون تبدیل کئے گئے اور رجیم چینج ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی مزید بولے کہ پاکستان میں جنگل کا قانون ہے، پچھلے 8 ماہ میں بڑی تعداد میں پاکستانی ملک چھوڑ کربیرون ملک چلے گئے۔