Tuesday, May 7, 2024

پیپلزپارٹی کے وقار مہدی سندھ سے سینیٹ کی خالی نشست پر بلامقابلہ سینیٹر منتخب، اعلامیہ جاری

پیپلزپارٹی کے وقار مہدی سندھ سے سینیٹ کی خالی نشست پر بلامقابلہ سینیٹر منتخب، اعلامیہ جاری
December 3, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) – پیپلزپارٹی کا سینئر ترین کارکن بڑے ایوان کا رکن منتخب ہوگیا، سندھ سے سینیٹ کی خالی نشست پر پی پی امیدوار وقار مہدی بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے، کامیابی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

چار عشروں سے پی پی سے وابستہ وقار مہدی بالآخر ایوان میں پہنچ گئے۔  سندھ میں سینیٹ کی خالی نشت پر پیپلزپارٹی کے امیدوار وقار مہدی بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔

ان کے مدمقابل چار امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے، ایم کیو ایم کے تین امیدوار احمد سلیم صدیقی، سبین غوری اور طارق منصور نے کاغذات نامزدگی واپس لئے۔

پیپلزپارٹی کے عاجز دھامراہ نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے، جس کے بعد وقار مہدی کے مدمقابل کوئی امیدوار میدان میں نہیں رہا۔ ریٹرننگ افسر نے وقار مہدی کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

وقار مہدی پہلی مرتبہ کسی منتخب ایوان کے رکن بنے ہیں، وقار مہدی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صوبے کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے رہنماء ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیوایم سے حلقہ بندیوں اور دیگر معاملات پر بات چیت جاری ہے۔ ایڈمنسٹریٹرکراچی کے لئے ایم کیو ایم کے عبدالوسیم کا نام زیرِغور ہے۔ ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں بھی شامل کرنے پر مذاکرات جاری ہیں۔

سندھ میں سینیٹ کی یہ نشست پیپلزپارٹی کے مصطفیٰ کھوکھر کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔