Friday, April 26, 2024

پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کے دوران آصفہ بھٹو ڈرون کیمرہ لگنے سے زخمی

پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کے دوران آصفہ بھٹو ڈرون کیمرہ لگنے سے زخمی
March 4, 2022 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کے دوران آصفہ بھٹو ڈرون کیمرہ لگنے سے زخمی ہوگئیں۔

آصفہ بھٹو اسٹیج پر موجود تھیں، ڈرون کیمرہ چہرے پر لگا۔ آصفہ بھٹو کو سر پر ایک ٹانکا لگا، ذرائع کے مطابق آصفہ بھٹو ملتان کے نجی اسپتال میں موجود ہیں اور خیریت سے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے خانیوال میں عوامی مارچ سے خطاب میں آصفہ بھٹو کے زخمی ہونے پر کہا، شہید رانی کی بیٹی بہت بہادر ہے، آصفہ بی بی کو جان بوجھ کر یا غلطی سے کسی مخصوص میڈیا چینلز کا ڈرون لگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈرون کیمرہ لگنے سے آصفہ بی بی کے سر پر چوٹ لگی اور زخمی بھی ہوئیں، آصفہ بی بی زخمی ہونے کے باوجود یہیں رہنا چاہتی تھیں، ایمبولینس والوں نے ٹانکے لگنے کا کہا تو انہیں طبی امداد کیلئے اسپتال بھیج دیا۔

سابق صدر آصف زرداری نے بیٹی آصفہ بھٹو سے فون پر رابطہ کیا، خیریت دریافت کی اور ان کی جرات کو سراہا۔

ادھر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ٹویٹ کیا امید ہے کہ آپ خیریت سے ہوں گی، اللہ تعالیٰ لانگ مارچ کے تمام شرکا کو محفوظ رکھے۔

پیپلزپارٹی لانگ مارچ کے شرکا ملتان سے ساہیوال جاتے ہوئے خانیوال پہنچ گئے۔ جیالوں نے اپنی گاڑیوں کو پارٹی پرچموں اور قائدین کی تصاویر سے سجا لیا۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم کے استعفے کیلئے پانچ دن کی مہلت دے دی، دوسری جانب پیپلزپارٹی نے ڈی چوک میں جلسے کی اجازت مانگ لی۔ پیپلزپارٹی 8 مارچ کو شام 4 بجے ڈی چوک پرجلسہ کرے گی۔