Tuesday, April 23, 2024

پیپلزپارٹی جمہوریت کو نقصان پہنچا رہی ہے، شاہ محمود قریشی

پیپلزپارٹی جمہوریت کو نقصان پہنچا رہی ہے، شاہ محمود قریشی
March 17, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے پیپلزپارٹی جمہوریت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام صبح سویرے پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہر منتخب نمائندے کو ووٹرز کا احساس ہوتا ہے۔ ضمیر بچنے والے ارکان اسمبلی کو کوئی روک نہیں سکتا۔ پیپلزپارٹی جمہوریت کی علمبردار بن کر جمہوریت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ اپوزیشن کا نہ جھنڈا ایک، نہ نظریہ اور ایجنڈا ایک ہے۔ اپوزیشن کا یک نکاتی ایجنڈا صرف وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا ہے۔ جتنا نقصان جمہوریت کو آج ہو رہا ہے تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔ میری نظر میں چودھری برادران بڑے وضع دار ہیں۔ ابھی دیکھنا ہے کہ عدم اعتماد کا اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔

شاہ محمود قریشی بولے پاکستان اس وقت عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ وزیراعظم اپنے اتحادیوں سمیت سب سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ عمران خان پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے متعلق سب سے ملکر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کی کاوشوں سے 15 مارچ اسلاموفوبیا کےخلاف عالمی دن مقرر ہوا۔ اقوام متحدہ نے اوآئی سی کی طرف سے بھیجی گئی پاکستان کی قرارداد منظور کی۔ اسلاموفوبیا کےخلاف عالمی دن مقرر ہونے پر مسلم امہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔