Saturday, September 21, 2024

پیپلزپارٹی اور نون لیگ کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی کی جلد سماعت کی درخواست منظور

پیپلزپارٹی اور نون لیگ کیخلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس، پی ٹی آئی کی جلد سماعت کی درخواست منظور
December 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے پارٹی فنڈز کی جلد تحقیقات کیلئے درخواست جلد سماعت کے لئے منظور کرلی۔ چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کو درخواست 22 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈز کی جلد تحقیقات کیلئے دائر درخواست پرسماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے کی۔۔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوددھری نے عدالت سے درخواست جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی۔

مؤقف اپنایا کہ اگر ابھی درخواست سماعت کیلئے مقرر نہ کی تو بعد میں بہت دیرہوجائے گی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ چھٹیوں کے بعد کی تاریخ رکھ لیتے ہیں۔ چھوٹا مسئلہ تو ہے لیکن اگلے ہفتے آپکے باقی بڑے بڑے مسئلے بھی سماعت کیلئے مقرر ہیں۔ ایسا کرتے ہیں پھر چھٹیوں سے پہلے سماعت رکھ لیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے رجسٹرار آفس کو پی ٹی آئی کی درخواست کو 22 دسمبر کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

تحریک انصاف نے دائر درخواست میں کہا ہے کہ پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کے حوالے سے سپریم کورٹ کا حکم موجود ہے ۔دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا۔

عدالت الیکشن کمیشن کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے پارٹی فنڈز کی سکروٹنی دو ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دے۔