Wednesday, May 8, 2024

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمٰن ملک انتقال کر گئے

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمٰن ملک انتقال کر گئے
February 23, 2022 ویب ڈیسک

 اسلام آباد (92 نیوز)  سابق وزیر داخلہ اور پیپلزپارٹی کے سینیٹر رحمان ملک کورونا کے باعث انتقال کر گئے۔ انکی عمر 70 برس تھی۔

رحمان ملک کے ترجمان نے انکے انتقال کی تصدیق کر دی۔ ترجمان کے مطابق سابق وزیر داخلہ کو گزشتہ ماہ کورونا کی تشخیص ہوئی۔ کورونا سے انکے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچا جس کے باعث انہیں سانس لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ رحمان ملک کو طبیعت بگڑنے پر اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کافی عرصہ وینٹی لیٹر پر رہے۔ گزشتہ رات سابق وزیر داخلہ کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی اور وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

رحمان ملک 2008 سے 2013 تک پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں پاکستان کے وزیر داخلہ رہے۔ انہوں نے میثاق جمہوریت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ رحمان ملک کا شمار سابق وزیر اعظم بےنظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ 2012 میں انہیں نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔ رحمان ملک چار کتابوں کے مصنف بھی تھے۔

رحمان ملک نے سیاست میں آنے سے  قبل ایف آئی اے میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ ایف آئی اے میں گرانقدر خدمات پر انہیں ستارہ شجاعت سے بھی نوازا گیا تھا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما رحمٰن ملک کے انتقال پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ ناصر حسین شاہ  اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے ٹویٹ میں دعائے مغفرت کی۔ سینیٹر سحر کامران، حسن مرتضیٰ اور دیگر نے بھی اظہار افسوس کیا۔