Thursday, April 25, 2024

پیوٹن یوکرین میں فوجی طاقت کو بڑھا رہے ہیں ، سی آئی اے ڈائریکٹر

پیوٹن یوکرین میں فوجی طاقت کو بڑھا رہے ہیں ، سی آئی اے ڈائریکٹر
May 8, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم برنز کا کہنا ہے پیوٹن یوکرین میں فوجی طاقت کو بڑھا رہے ہیں۔

سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم برنز نے فنانشل ٹائمز کو انٹرویو میں کہا ہے کہ یوکرین جنگ کا دوسرا مرحلہ انتہائی خطرناک ہو چکا ہے ۔ روسی صدر پیوٹن نے بہت کچھ داؤ پر لگا دیا۔ امریکا کو بظاہر ایٹمی جنگ کی تیاریوں کے اشارے نہیں ملے لیکن پیوٹن کی ذہنیت بتاتی ہے وہ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔

یوکرین کی نائب وزیر اعظم ایرینا ویریشچک کا کہنا ہے کہ ماریوپول اسٹیل پلانٹ سے تمام خواتین اور بچوں کے انخلا کا آپریشن مکمل ہو گیا ہے ،تاہم یوکرینی حکام کا کہنا ہے روسی افواج نے اسٹیل پلانٹ سے یو کرینی فوجیوں کو نہیں نکلنے دیا ۔

 ادھر روسی بمباری سے 18 ویں صدی کے فلسفی شاعر سے منسوب میوزیم تباہ ہو گیا۔ روسی فوج نے خار کیو میں میوزیم کو نشانہ بنایا۔ یوکرینی وزارت دفاع نے الزام عائد کیا ہے کہ روسی لڑاکا طیاروں نے لوہانسک کے اسکول پر بھی بمباری کی ۔ اسکول میں 90 افراد نے پناہ لی ہوئی تھی ۔ ملبے تلے دبے 30 افراد کو نکال لیا گیا ۔ بمباری سے بہت زیادہ ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

 دوسری طرف برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے یوکرین کے لئے 1.60 ارب ڈالر کی مزید امداد کا اعلان کردیا تاہم انہوں نے امداد کی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا ۔