Thursday, March 28, 2024

پیمرا نے عمران خان کی تقریر براہ راست دکھانے پر پابندی لگا دی

پیمرا نے عمران خان کی تقریر براہ راست دکھانے پر پابندی لگا دی
August 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے عمران خان کی لائیو کوریج پر پابندی لگا دی۔ عمران خان کا خطاب تاخیر سے یا ریکارڈ شدہ چلایا جاسکتا ہے۔ عمران خان نے گزشتہ رات آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد اور مجسٹریٹ زیبا چو دھری کو دھمکیاں دی تھیں۔

پیمرا کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی پیمرا آرڈینینس2002 کے سیکشن 27 کے تحت ہوگی۔ تمام نجی ٹی وی چینلز پر عمران خان کی صرف پہلے سے ریکارڈ کی گئی تقاریر ہی نشر کی جاسکیں گی اور اس مقصد کے لیے ڈیلے کا طریقہ کار اختیار کرنا ہو گا تاکہ پیمرا قوانین کے مطابق ان تقریروں کی مانیٹرنگ اور ایڈیٹوریل کنٹرول ممکن بنایا جاسکے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اپنی تقریروں میں ریاستی اداروں اور افسران کے خلاف مسلسل بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں جو امن و امان کے قیام کے لیے نقصان دہ ہے۔

پیمرا کے حکم نامے میں عمران خان کی ہفتے کی رات شہباز گل کی گرفتاری کے خلاف ایف نائن پارک میں تقریر کا ذکر بھی کیا گیا ہے، جس میں عمران خان نے آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد اور مجسٹریٹ زیبا چودھری کو دھمکیاں دیں تھیں۔