Friday, April 26, 2024

پیکا ترمیمی آرڈیننس، پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

پیکا ترمیمی آرڈیننس، پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری
March 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیکا ترمیمی آرڈیننس میں پی بی اے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن کی درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے پی بی اے کی درخواست بھی دیگر پٹیشنز کے ہمراہ یکجا کر کے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

 دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ آپ نے پیکا کی سیکشن 20 کو چیلنج ہی نہیں کیا؟ آپ کو اس پر کوئی اعتراض نہیں؟ دیگر پٹیشنرز نے تو ہتک عزت کو کریمنلائز کرنے کو بھی چیلنج کیا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ انھوں نے پیکا ترمیمی آرڈی نینس کو چیلنج کیا ہے۔ ترمیمی آرڈینینس جعلی خبروں اور غلط معلومات روکنے کی آڑ میں درحقیقت عوامی شخصیات کے کام پر بحث و تبصروں کو روکے گا۔ پبلک آفس ہولڈرز کے کام پر بحث اچھی حکمرانی اور فعال جمہوریت کے لیے ضروری ہے۔ صدارتی ترمیمی آرڈیننس آنکھوں میں دھول جھونکنے جیسا قانون ہے جو کالعدم قرار دئیے جانے کے قابل ہے۔آرڈی نینس کے اجرا کے لیے صدر مملکت کے پاس مناسب جواز ہونا ضروری ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیکا ترمیمی آرڈی نینس آئین کے آرٹیکل 19 اور 19-A کے ذریعہ فراہم کردہ بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے ۔ پیکا ترمیمی آرڈی نینس سیلف سینسر شپ کو فروغ دینے کا باعث  بھی بنے گا۔

کیس کی مزید سماعت 10 مارچ کو ہو گی۔