Friday, March 29, 2024

پی ٹی آئی توڑنے اور نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں، عمران خان

پی ٹی آئی توڑنے اور نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں، عمران خان
August 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے پی ٹی آئی توڑنے اور نواز شریف کو واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

اسلام آباد میں  میڈیا کے تحفظ اور آزادی اظہار کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا  نیوٹرلز سے پوچھتا ہوں کیا آپ کو ملک کی کوئی فکر ہے۔ نیوٹرلز اب بھی اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں۔ چوروں کے نیچے زندگی گزارنے پر موت کو ترجیح دوں گا۔

عمران خان نے کہا اسٹیبلشمنٹ کو پتہ تھا  یہ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے۔ ان کے پاس ان کی کرپشن کے سارے ثبوت بھی تھے۔ اس کے باوجود انہوں نے سازش کامیاب ہونے کی اجازت کیسے دے دی۔ ان کے پاس سب سے زیادہ پاور اور ذمہ داری بھی ہے۔ ان کے اوپر آنے پر تاریخ میں لوگ آپ کو ذمہ دار ٹھہرائیں گے۔

عمران خان نے کہا یہ کھانے کے ذریعے ہی مخالفین کو ٹھکانے لگاتے ہیں۔ شہبازشریف کے 16 ارب کے کرپشن کے کیسز کے چار گواہ ہارٹ اٹیک سے مرے۔ انہیں میرے کھانے کی فکر بھی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا  نوازشریف کو واپس لانے کی پوری کوشش ہورہی ہے۔ نوازشریف کو اہل بنانے کے لیے مجھے نااہل بنایا جائے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا شہبازگل کو ننگا کرکے مارا گیا۔ کہلوا نے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس نے عمران خان کے کہنے پر یہ سب کہا۔ ہمارے لوگوں کو فون کیے جارہے ہیں۔ قوم جس طرح بیدار ہورہی ہے اب آپ کچھ بھی نہیں کر سکتے۔

عمران خان نے کہا بدقسمتی سے نیب ہمارے کنٹرول میں نہیں تھی۔ میں سیاست میں آیا ہی کرپشن کے خلاف تھا۔ مجھے اپنے دور حکومت میں کبھی آزاد میڈیا سے خوف نہیں آیا۔ آزاد انسان بڑے کام کرتے ہیں،غلام کبھی بڑے کام نہیں کر سکتے۔