Sunday, September 8, 2024

پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے 63 بینک اکاؤنٹس چھپائے، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ

پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے 63 بینک اکاؤنٹس چھپائے، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ
January 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے قرار دیا ہے کہ تحریک انصاف کے 2009 سے 2013 تک کی آمدن اور اخراجات مطابقت نہیں رکھتے۔

چینل 92 نیوز کو موصول ہونے والی ای سی پی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق پارٹی نے 31 کروڑ کے فنڈز ظاہر نہیں کیے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے 63 بینک اکاؤنٹس چھپائے۔ پانچ سال میں پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں ایک ارب 64 کروڑ 26 لاکھ سے زائد فنڈز آئے، نجی بینکوں کے کھاتے ظاہر نہیں کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی نے نجی بینکوں کے لیجرز بھی ظاہر نہیں کیے تھے۔ آڈٹ فرم کی طرف سے پیش کردہ رسیدوں کا بینک کھاتوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ فریقین کو پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے رپورٹ پبلک نہ کرنے کی درخواست کی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیئے کہ ای سی پی اس پوزیشن میں نہیں کہ رپورٹ پبلک نہ کرے۔ کمیشن نے فریقین سے 10 دن میں رپورٹ طلب کرلی۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 15 روز کے لیے ملتوی کردی۔