اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت کا پی ٹی آئی آزادی مارچ کے شرکا سے سختی سے نمٹنے کیلئے پلان تیارکرلیا۔
ذرائع کے مطابق قانون ہاتھ میں لینے والوں کو بڑے پیمانے پر گرفتار کیا جائے گا، عمران خان کا کوئی غیر آئینی فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا۔
ریڈ زون کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے تمام داخلی راستے بند اور جڑواں شہروں میں تحریک انصاف کے متحرک رہنماؤں کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔ پی ٹی آئی نے اجتماع کی اجازت کےلئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو خط لکھ دیا۔
حکومت نے ریڈ زون کی سکیورٹی پاک فوج اور رینجرز کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، لانگ مارچ کے شرکاء کے خلاف کریک ڈاؤن بھی کیا جاسکتا ہے۔
مزید براں، پی ٹی آئی کے متحرک رہنماؤں کی فہرستیں تیار کرنے کی بھی ہدایت دے دی گئی ہے۔ آزادی مارچ سے نمٹنے کیلئے مجموعی طور پر 22 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہونگے، پانچ سو خواتین اہلکار،4 ہزار رینجرز اہلکار بھی دھرنا شرکا سے نمٹنے کیلئے طلب کر لئے گئے ہیں۔