Saturday, May 18, 2024

پی ٹی آئی کی عدلیہ سے یکجہتی کیلئے لاہور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں

پی ٹی آئی کی عدلیہ سے یکجہتی کیلئے لاہور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں
May 6, 2023 ویب ڈیسک

لاہور/ اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عدلیہ سے یکجہتی کیلئے لاہور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں۔ 

چیف جسٹس سے یکجہتی کا اظہار، پی ٹی آئی کی ملک بھرمیں ریلیوں کی بہار! تحریک انصاف کےرہنما اور کارکنان مختلف شہروں میں سڑکوں پر نکل آئے۔

لاہور میں عمران خان کی قیادت میں بڑی ریلی نکالی گئی جو زمان پارک علامہ اقبال روڈ اور شملہ پہاڑی سے ہوتی ہوئی لکشمی چوک پہنچی۔ ریلی میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ چیف جسٹس سے یکجہتی کیلئے کینال روڈ پر بینرز بھی لگائے گئے۔

کراچی میں بھی کپتان کے کھلاڑی چیف جسٹس کی حمایت میں سڑکوں پر نکلے۔ علی زیدی کی قیادت میں انصاف ہاؤس سے نمائش چورنگی تک ریلی نکالی گئی۔

راولپنڈی میں تحریک انصاف کے کارکنوں نےبڑی تعداد میں گھروں سے نکل کرچیف جسٹس سے اظہاریکجہتی کیا۔ پشاور میں پیر زکوڑی پل پر ریلی نکالی گئی۔

ملتان میں بھی عمران خان کی کال پر عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔ کارکنوں نے آئین وقانون کی بالادستی کے نعرے بھی لگائے۔

بہاولپور اور فیصل آباد میں بھی پی ٹی آئی کارکنان نے سڑکوں پر نکل کر چیف جسٹس سے اظہاریکجہتی کیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ اور قصور میں بھی پی ٹی آئی عہدیداران اور کارکنان نے ججز سے یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں۔

چیچہ وطنی، رینالہ خورد، ملکوال، بورے والا اور دیگر شہروں میں بھی پی ٹی آئی کی جانب سے عدلیہ بچاؤ ریلیاں نکالی گئیں۔