Friday, April 26, 2024

اعظم سواتی دوبارہ گرفتار، 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اعظم سواتی دوبارہ گرفتار، 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے
November 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – اداروں کے خلاف متنازع ٹیوٹس پر دوبارہ گرفتار پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

اعظم سواتی کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، انہیں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی سے کے حوالے کردیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے چک شہزاد فارم ہاؤس سے اتوار کو علی الصبح گرفتار کیا۔

پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی پر اداروں کے خلاف متنازع ٹیوٹس کرنے کا نیا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو خط کے ذریعے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری سے باضابطہ آگاہ کر دیا۔

گرفتاری سے قبل سینیٹر اعظم سواتی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج ایف آئی اے کی ٹیم مجسٹریٹ کا وارنٹ لے کر آئی جو درست طریقہ ہے، ساتھ جارہا ہوں۔