Thursday, April 25, 2024

تحریک انصاف لانگ مارچ کا گجرات میں پڑاؤ، آج لالہ موسیٰ سے روانہ ہوگا

تحریک انصاف لانگ مارچ کا گجرات میں پڑاؤ، آج لالہ موسیٰ سے روانہ ہوگا
November 11, 2022 ویب ڈیسک

لالہ موسیٰ (92 نیوز) – تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا گجرات میں پڑاؤ، آج لالہ موسیٰ سے اگلے مرحلے کیلئے روانہ ہوگا، جس کیلئے سب کو لالہ موسیٰ پہنچنے کی ہدایت کردی گئی۔

گجرات میں شرکاء سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملکی سیاست تقسیم کا شکار ہے، ایک پاکستان کو نیچا دکھانے پر تلے ہیں، دوسرا عمران خان ہے، برطانیہ کی عدالت نے واضح کردیا کہ قانون کی حکمرانی کیا ہوتی ہے۔

ق لیگ کے رہنما حسین الہٰی نے کہا کہ گجرات لانگ مارچ کی پذیرائی شانداررہی۔ اس سے پہلے حقیقی آزادی مارچ کا کینٹینر گجرات کے جی ٹی ایس چوک پہنچا۔

پنڈال میں عمران خان کا ویڈیو لنک خطاب سنوانے کے لیے بڑی سکرین نصب کی گئی، سکیورٹی کے بھی غیرمعمولی انتظامات کئے گئے تھے۔

گوجرہ سے پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اسد عمر کی قیادت میں ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچا، راستے میں مختلف مقامات پر استقبالی کیمپس لگائے گئے۔

مارچ میں شہباز گل اور ریاض فتیانہ سمیت دیگر قائدین بھی شامل ہوئے، شہباز چوک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں بھی عمران خان کیلئے نکلی ہیں، عمران خان 22 کروڑ غیرت مند قوم کا لیڈر ہے۔

رجانہ میں لانگ مارچ کے دوران بدمزگی کا واقعہ پیش آیا اور مقامی رہنماؤں کے اختلاف کے باعث اسد عمر بغیر خطاب کیے آگے بڑھ گئے، کمالیہ میں خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ کپتان عوام کے لئے ڈٹ کر کھڑا ہے۔ لانگ مارچ کل دربارسلطان باہو شورکوٹ سے ہوتا ہوا جھنگ پہنچے گا۔