پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ اسٹیج کیلئے جگہ تبدیل، رحمان آباد پر اجازت
راولپنڈی (92 نیوز) - پی ٹی آئی کے جلسہ گاہ اسٹیج کیلئے جگہ پھر تبدیل کردی گئی، رحمان آباد پر اجازت دیدی گئی۔
تحریک انصاف راولپنڈی کے علاقے رحمن آباد میں جلسہ کرے گی، حتمی مقام کا تعین آخر کار کرہی لیا گیا۔
پی ٹی آئی قیادت اس سے پہلے کنفیوژن کا شکار نظر آئی، پہلے جلسے کیلئے علامہ اقبال پارک کا انتخاب کیا، پھر فیض آباد کے قریب اسٹیج کیلئے کنٹینر رکھے گئے لیکن انتظامیہ کی درخواست پر سکستھ روڈ پر جلسے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن پھر قرعہ شمس آباد گلشن دادن خان کے نام نکلا، وہ بھی فائنل نہ ہوا تو رحمن آباد میں میدان لگانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
جلسہ کا مقام ہی نہیں، عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کو لے کر بھی انتظامیہ اور تحریک انصاف کے مابین رسہ کشی جاری ہے، اسد عمر نے مقامی پارک میں قائم خیمہ بستی کا جائزہ لیا اور صاف کہا کہ ہیلی کاپٹر پریڈ گراؤنڈ ہی میں اترے گا۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو ہیلی کاپٹر بارانی یونیورسٹی اتارنے کا مشورہ دیا ہے، جہاں سے جلسہ گاہ جانے کیلئے بلٹ پروف گاڑی استعمال کی جا سکے گی۔
دوسری طرف وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کے شرائط نامہ پر جواب جمع کرا دیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی سکیورٹی کے پیشِ نظر ہیلی کاپٹر کی جلسہ گاہ کے قریب آمد و رفت ناگزیر ہے۔