Tuesday, May 7, 2024

پی ٹی آئی کے ارکانِ سندھ اسمبلی کے استعفے پارٹی چیئرمین کے حوالے

پی ٹی آئی کے ارکانِ سندھ اسمبلی کے استعفے پارٹی چیئرمین کے حوالے
December 3, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی نے استعفے پارٹی چیئرمین عمران خان کے حوالے کر دیئے۔

زمان پارک لاہورمیں سندھ اسمبلی کے پی ٹی آئی ارکان نے عمران خان سے ملاقات کی اور ہاتھ سے لکھے استعفے جمع کرادیئے۔

عمران خان ارکان کے ہاتھ سے لکھے استعفے ملنے پر خوش ہوگئے، بولے سندھ اسمبلی سے استعفے دینے کا فیصلہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بعد ہوگا، ضروت پڑی تو ارکان سندھ اسمبلی کے استعفے استعمال کریں گے۔ پیپلزپارٹی کو سندھ میں خالی گراؤنڈ نہیں دیں گے۔

خرم شیرزمان نے کہا کہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 26 ایم پی ایز کو عمران خان نے طلب کیا تھا، سب نے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرادی۔

اس سے پہلے پی ٹی آئی سندھ کے ارکان اسمبلی کے اعزاز میں اسد عمر اور عمر ایوب کی جانب سے ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔

عمران خان سے شاہ محمود قریشی، فواد چودھری،علی امین گنڈا پور، مصدق عباسی، عمر سرفراز چیمہ، عاطف خان، شہرام ترکئی، تیمور جھگڑا اور دیگر رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں میں کے پی کے اور پنجاب اسمبلیوں کی تحلیل اور رکنیت سے استعفوں کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔

اس سے پہلے چیئرمین تحریک انصاف سے وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اصغر زیدی نے ملاقات کی، اصغر زیدی نے عمران خان کی عیادت کی اور جی سی یونیورسٹی کے شعبہ میڈیا اسٹڈیز کو ارشد شریف اسکول آف جرنلزم میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔