Sunday, May 5, 2024

زمان پارک میں کشیدہ صورتحال برقرار، پی ٹی آئی کارکنوں نے پھر مورچے سنبھال لیے

زمان پارک میں کشیدہ صورتحال برقرار، پی ٹی آئی کارکنوں نے پھر مورچے سنبھال لیے
March 19, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور زمان پارک میں کشیدگی کی صورتحال برقرار ہے، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پھر مورچے سنبھال لیے، مشتعل کارکنوں نے پولیس پر حملہ کردیا، کینال روڈ سے گزرنے والی پولیس کی گاڑی ڈنڈوں اور پتھروں سے توڑ پھوڑ کے بعد نہر میں پھینک دی۔

زمان پارک میں کشیدہ صورت حال برقرار ہے، پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا، ضلعی و ٹریفک پولیس نے تمام اہلکاروں کیلئے الرٹ جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ ڈیوٹی پوائنٹس پر جانے یا واپس آنے کے لیے روٹ بدل لیا جائے، مغل پورہ، لال پل، دھرم پورہ جانے والا اسٹاف زمان پارک کا راستہ اختیار نہ کرے، باوردی اہلکار ہرگز زمان پارک کے ارد گرد یا قریب سے مت گزریں۔

کینال روڈ سے گزرنے والی پولیس اور پی آر یو کی گاڑیوں پر کارکنان نے ڈنڈے برسائے۔ پتھراؤ سے پولیس ریسپانس یونٹ کی گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے۔ رات گئے مشتعل کارکنان نے پولیس وین پر حملہ کرکے مکمل تباہ کرنے کے بعد اسے نہر میں پھینک دیا۔

ادھر پنجاب حکومت نے پولیس کی گاڑی پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کافیصلہ کرلیا۔

گزشتہ روز لاہور پولیس نے زمان پارک میں عمران خان کے گھر کے اندر سرچ آپریشن کیا، پولیس کرین سے گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر کے اندر داخل ہوئی۔

سرچ آپریشن شروع ہوتے ہی گھر میں موجود پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور غلیلوں سے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، پتھراؤ سے ایس ایچ او تھانہ مصطفی ٹاؤن بھی زخمی ہوئے۔ پولیس کی طرف سے واٹر کینن کا استعمال کیا اور کارکنوں پر ڈنڈے برسائے گئے۔

پولیس نے زمان پارک سے گرفتار تین کم عمر طالبعلم ورثاء کے سپرد کردیئے، لڑکوں کے روشن مستقبل کی خاطر کارروائی کرنے سے گریز کیا گیا۔