لاہور (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کے خلاف لاہور میں شدید احتجاج کیا۔
کپتان کی کال پر کھلاڑیوں کی بڑی تعداد صوبائی الیکشن کمیشن لاہور دفتر کے باہر پہنچی، جگہ کم پڑی تو پی ٹی آئی قیادت کو احتجاج کا رخ جنرل پوسٹ آفس کی طرف کرنا پڑا، جہاں پی ٹی آئی کارکنوں نے الیکشن کمیشن اور نگران وزیراعلیٰ کے خلاف خوب نعرے بازی کی۔
احتجاجی مظاہرے سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ کے طور پر قبول نہیں کرتے۔ انہیں پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی سرگرمیوں کے لیے لایا گیا۔ رہنماء پی ٹی آئی اعظم سواتی، میاں اسلم اقبال، ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک تھے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج میں خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی جو محسن نقوی کو ہٹانے کا مطالبہ کرتی رہیں۔
تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ رہا۔