Friday, May 3, 2024

سیلاب وارننگ کے باوجود حکومت تحریک انصاف کیخلاف کارروائیوں میں مصروف تھی، فواد

سیلاب وارننگ کے باوجود حکومت تحریک انصاف کیخلاف کارروائیوں میں مصروف تھی، فواد
August 27, 2022 ویب ڈیسک

جہلم (92 نیوز) – تحریک انصاف کے رہنماء فواد چودھری کہتے ہیں سیلاب کی وارننگ بہت پہلے آچکی تھی، وفاقی حکومت سیلاب بچاؤ منصوبہ بندی کے بجائے تحریک انصاف کے خلاف کارروائیوں میں مصروف تھی۔

ہفتہ کے روز تحریک انصاف کے جہلم میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پورا پاکستان ڈوبا ہوا ہے مگر بنی گالہ پر چھاپے مارنے کی پلاننگ ہورہی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ جب ٹیکس کا ہدف پورا نہیں ہوتا تو مریم نواز ایک ٹویٹ کرتی ہیں مفتاح اسماعیل تمام ٹیکس چھوٹ ختم کردیتے ہیں۔ آج سفید پوش طبقے کی کمر ٹوٹ گئی ہے، بجلی کا بل قیامت بن کر سفیدپوش طبقے پر گررہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نوازشریف کہہ رہا ہے مفتاح اسماعیل برا ہے، اب اس فیملی نے ایک نیا ڈرامہ شروع کردیا ہے جس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ آج پاکستان اپنی معاشی اور سیاسی اقدار کھو رہا ہے، غریب طبقہ خودکشیوں پر مجبور ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ عمران خان پورے پاکستان کی امیدوں کا مرکز بن چکے ہیں، ہم نے اس حکومت کو عمران خان کی قیادت میں آخری دھکا دینا ہے، ہم اس امپورٹڈ حکومت کو گھر بھیج کر عمران خان کو دو تہائی اکثریت سے دوبارہ وزیراعظم بنائیں گے۔

اس سے فواد چودھری کا کہنا تھا جن صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہ آئی ایم ایف کے پلان پر عمل نہیں کریں گی۔

آئی ایم ایف سے فنڈز کی ریلیز پر بھی حکومت اور پی ٹی آئی آمنے سامنے آ گئی۔ حساس معاملے پر سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے نجی ٹی وی کو انٹرویو نے نیا پنڈورا بکس کھولا تو حکومت نے بھی اپنا گیم پلان تیار کر لیا۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے صوبوں کی جانب آئی ایم ایف پلان پر عمل نہ کرنے کی صورت میں صوبوں کے سرپلس ہونے والے فنڈز کو قابل تقسیم پول میں سے ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ نے ماضی میں آئی ایم ایف سے کیئے گئے معاہدے کا حوالہ دیا جس کے مطابق 589 ارب روپے کا سر پلس وفاق کو منتقل ہونا لازم ہے۔