Friday, April 26, 2024

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس، اکبر ایس بابر نے حتمی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس، اکبر ایس بابر نے حتمی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی
March 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر نے حتمی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

چیف الیکشن کمیشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کی مبینہ ممنوعہ فنڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کے وکیل انور منصور نے کہا کہ اکبر ایس بابر کو حق دعوی ہے نہ ہی سماعت میں آنے کا اختیار۔ چیف الیکشن کمیشنر نے کہا کہ اکبر ایس بابر تو کئی سال سے کیس لڑ رہے ہیں پہلے اعتراض کیوں نہیں ہوا؟

انور منصور نے کہا کہ قانون کہتا ہے اسکروٹنی مکمل ہونے پر معاملہ کمیشن اور سیاسی جماعت کے درمیان ہے۔ کوئی تیسرا شخص کسی سیاسی جماعت کے کیس میں فریق نہیں بن سکتا۔ اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی میں کونسا کاغذ کس نے دیا اس سے فرق نہیں پڑتا۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ پی ٹی آئی نے اپنے اکائونٹس چھپائے۔

الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کے وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ  پی ٹی آئی سے اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر جواب مانگ لیا۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ  اکبر ایس بابر کے پاس کیس سے جڑے رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اسکروٹنی کمیٹی کو دوبارہ فعال کرنے کی درخواست کی۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ تحریک انصاف کی آخری وکٹ رہ گئی ہے جو جلد گر جائے گی۔

فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو لانگ مارچ چھوڑیں اور الیکشن کمیشن میں بارہ اکاؤنٹس کا جواب دیں۔