Friday, May 3, 2024

پی ٹی آئی الیکشن چاہتی ہے تو مذاکرات کی میز پر آئے، رانا ثناء اللہ

پی ٹی آئی الیکشن چاہتی ہے تو مذاکرات کی میز پر آئے، رانا ثناء اللہ
October 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن چاہتی ہے تو مذاکرات کی میز پر آئے۔

سوموار کے روزاسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات صاف اور شفاف ہوئے، کوئی نہیں کہہ سکتا کہ جانبداری کی گئی۔ الیکشن جیتنے کا یہ مطلب نہیں کہ عمران خان کو غیرآئینی اقدامات کا لائسنس مل گیا۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان ملک میں انتشار اور فساد چاہتے ہیں۔ جتھا کلچر کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ تحریک انصاف جب مرضی اسلام آباد آئے، انہیں آٹے دال کا بھاؤ پتہ لگ جائے گا۔ اسلام آباد پر چڑھائی کی تو پوری طاقت سے روکیں گے۔

وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ کے لیے پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں آئے، پارلیمنٹ، آئین اور قانون کا تحفظ کریں گے، ریاست کو  سیاست پر ترجیح دی، عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔ اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام مہنگائی بڑھنے پر ناراض ہے، ہم مہنگائی کم کریں گے عام آدمی کو ریلیف دیں گے۔

ادھر دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کروانے اور بغیر ثبوت نمبر ون اشتہاری بنانے پر لاہور ہائیکورٹ اینٹی کرپشن حکام پر برہم ہوگئی۔ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کہا اینٹی کرپشن بتائے کہاں ہیں ثبوت؟ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو 28 اکتوبر تک ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیدیا۔

میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا بولے اینٹی کرپشن نے آج تک نوٹس نہیں دیا، یہ سب پنجاب حکومت اور عمران خان کی ایما پر کیا گیا۔