Monday, May 6, 2024

پی ڈی ایم کے بیانات خطرناک ترین ہیں، اسد عمر

پی ڈی ایم کے بیانات خطرناک ترین ہیں، اسد عمر
January 30, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے بیانات خطرناک ترین ہیں اور کھلم کھلا آئین سے بغاوت کی باتیں ہورہی ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں بولے چند عناصر ذاتی مفاد کیلئے آئین اور جمہوریت کےساتھ ملکی سالمیت بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں، ماضی میں بھی عوام کے فیصلے قبول نہ کرنے کے خطرناک نتائج آئے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ نہ ملنے کےخلاف پٹیشن کل دائر کریں گے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ الیکشن 90 روز میں ہی ہونگے، آئین کو مجروح کرنے کی سازش عدالتیں کامیاب نہیں ہونے دینگی، پہلے بھی آئین کو توڑا گیا اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کی گئی۔

تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ عدالت کے پاس پورا اختیار ہے کہ وہ گورنر کو واضح طور پر الیکشن کروانے کی تاریخ کا اعلان کرنے کا حکم دے۔

قبل ازیں جسٹس جواد حسن نے رہنما تحریک انصاف اسد عمر کی پنجاب میں انتخابات کا شیڈول جاری نہ کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔

تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گورنر آئینی طور پر ہر صورت اسمبلی تحلیل کے بعد 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے۔

عدالت نے سرکاری وکیل پراظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کہ آپ تیاری کرکے کیوں نہیں آئے، آپ کو کیا پتہ نہیں تھا کہ کیس لگنا ہے، آپ لوگ اس طرح سے کام کرینگے تو کیا عدالتی کام میں ہرج نہیں ہو گا، الیکشن 90 روز میں ہی ہونے چاہیں۔

عدالت نے گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی۔