Friday, April 19, 2024

پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس، ڈپٹی اسپیکر کیس کا عدالتی فیصلہ مسترد

پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس، ڈپٹی اسپیکر کیس کا عدالتی فیصلہ مسترد
July 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومتی اتحاد اور پی ڈی ایم نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف عوامی مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا۔ مولانا فضل الرحمن نے عدلیہ فیصلے کے خلاف یوم سیاہ منانے کی تجویز دیدی، پیپلز پارٹی اور اے این پی کو باقاعدہ پی ڈی ایم میں واپسی کی بھی دعوت دیدی۔

پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں ہوا جس میں لندن سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

پی ڈی ایم نے الیکشن کمیشن پر پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنانے کا مطالبہ کیا جبکہ پیپلز پارٹی اور اے این پی کو باقاعدہ پی ڈی ایم میں واپسی کی دعوت دیدی۔

اجلاس میں موجود تمام جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر کیس میں عدالتی فیصلے کو مسترد کردیا، نواز نے کہا کہ لاڈلے کا 4 سالہ گند ہم پر ڈال دیا گیا، صرف ملک بچانے کیلئے حکومت میں آنا قبول کیا ورنہ تو پہلے دن سے ہی حکومت میں آنے کا مخالف تھا۔ 

لیگی رہنماء مریم نواز نے کہا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے ہمارا فل کورٹ کا جائز مطالبہ نہیں مانا گیا۔ اب ہمیں نظرثانی میں جانا ہے یا خاموش رہنا ہے، فیصلہ کرنا ہو گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب ہمیں واضح سمت کا تعین کرنا ہوگا، کھیل کے سارے کرداروں سے متعلق بھی جاننا ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی بولے کہ مفاہمتی پالیسی نے شروع دن سے ہی ہمیں نقصان پہنچایا، حکومت کرنی ہے، الیکشن کروانا ہے یا کوئی اور راستہ اختیار کرنا ہے، فیصلہ کر لیں اور ڈٹ جائیں۔