Saturday, May 4, 2024

پی ایس ایل سیون، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

پی ایس ایل سیون، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا
February 7, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔

چوکوں اور چھکوں کی برسات میں پاکستان سپر لیگ سیون کا ایک اور بڑا مقابلہ ہوا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے جیسن روئے کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

کوئٹہ نے 205 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ کوئٹہ کے جیسن روئے نے لاہور قلندرز کے باؤلرز کی خوب دھلائی کی، انہوں نے پی ایس ایل کی تیز ترین نصف سنچری بنائی اور تیز ترین سو رنز بنانے والوں میں بھی اپنا نام لکھوا لیا۔

روئے نے 57 گیندوں پر 11 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کوئٹہ کے جیمز وینس 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کے حارث روف، کامران غلام اور ڈیوڈ ویزے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے فخر زمان کے شاندار 70 رنز کی دھواں دار اننگز کی بدولت پانچ وکٹوں پر 204 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 32، محمد حفیظ اور فل سالٹ 8،8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہیر ی بروک کے 41 اور ڈیوڈ ویزے کی 22 رنز کی دھواں دار اننگز رائیگاں چلی گئی۔

لیگ کے کراچی میں آخری میچ کے دوران شائقین کا جوش و خروش عروج پر رہا۔