Friday, April 26, 2024

پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن، فرنچائزز نے کھلاڑیوں کی ٹریڈ مکمل کر لی

پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن، فرنچائزز نے کھلاڑیوں کی ٹریڈ مکمل کر لی
November 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے لئے فرنچائزز نے کھلاڑیوں کی ٹریڈ مکمل کر لی۔ بابر اعظم کراچی کنگز سے پشاور زلمی جبکہ پشاور سے شعیب ملک کراچی کنگز میں چلے گئے۔

پی ایس ایل کی چھ فرنچائزز نے آٹھویں ایڈیشن کے لئے سکواڈز کی تشکیل کے پہلے مرحلہ میں اپنے کھلاڑیوں کی باہمی ٹریڈ مکمل کر لی۔ پی سی بی کے مطابق بابر اعظم کراچی کنگز چھوڑ کر پشاور زلمی میں چلے گئے۔ شعیب ملک اور حیدر علی پشاور زلمی سے کراچی کنگز میں آگئے ہیں۔

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور راشد خان کو اپنے اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے، ملتان سلطانز نے محمد رضوان، اسلام آباد نے شاداب خان اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے محمد نواز کو اپنی ٹیموں میں برقرار رکھا ہے۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 8 کی ڈرافٹ کے لیے 493 غیر ملکی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ ٹریڈ کے بعد ہر فرنچائز نے آٹھ آٹھ کھلاڑی برقرار رکھے ہیں۔ اسلام آباد یونئٹڈ کے پاس شاداب خان، آصف علی، محمد وسیم جونئیر، اعظم خان، فہیم اشرف، حسن علی، کالن منرو اور پال سٹرلنگ شامل ہیں۔

کراچی کنگز میں حیدر علی، عماد وسیم، محمد عامر، شعب ملک، عامر یامین، میر حمزہ، شرجیل خان اور قاسم اکرم شامل ہیں۔ لاہور قلندرز میں راشد خان، شاہین شاہ آفریدی، ڈیوڈ ویزے، عبداللہ شفیق، ہیری بروک، کامران غلام اور زمن خان شامل ہیں۔

ملتان سلطان میں محمد رضوان، خوشدل شاہ، رائلی روسو، شان مسعود، شاہنواز دھانی، ٹم ڈیوڈ، عباس آفریدی اور اسرار اللہ شامل ہیں۔

پشاور زلمی میں بابر اعظم، شرفین ردرفورڈ، وہاب ریاض، محمد حارث، عامر جمال، سلمان ارشاد اور ٹام کوہلر ایڈمور شامل ہیں۔ کوئٹہ گلیڈیئٹرز میں محمد نواز، افتخار احمد، جیسن رائے، محمد حسنین، سرفراز احمد، نوین الحق،عمر اکمل اور ول سمیڈ شامل ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے ڈرافٹ کی تاریخ کے اعلان کے بعد فرنچائزز مقامی اور غیر ملکی رجسٹرڈ کھلاڑیوں میں سے اپنے سکواڈ مکمل کریں گی۔