Sunday, September 8, 2024

پنجاب میں کہیں بارش تو کہیں دھند کے ڈیرے

پنجاب میں کہیں بارش تو کہیں دھند کے ڈیرے
January 20, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پنجاب میں کہیں بارش تو کہیں دھند کے ڈیرے ہیں۔ دھند کے باعث موٹروے کے کئی سیکشن بندکر دیئے گئے ہیں۔

 بارش کے بعد میدانی علاقوں میں دھند چھا گئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ دھند کے باعث ایم ٹو ٹھوکرنیاز بیگ سے کوٹ مومن اور کالا شاہ کا کو تک اور ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک بند ہے۔ ایم فور کو فیصل آباد سے عبدالحکیم اور ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان تک دھند کے باعث بند کیا گیا۔ ایم فائیو ملتان سے رحیم یارخان تک بند، قومی شاہراہ پر بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک سست کا شکار ہے۔ لاہور ایئرپورٹ پر بھی فضائی آپریشن متاثر ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے کو عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کیا گیا ہے۔ شہریوں کو گاڑیوں میں فوگ لائٹس کے استعمال، غیرضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا۔ شام تا رات کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا کے کچھ اضلاع، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مزید ہلکی بارش /برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند کی توقع ہے۔ شہر کا موسم آج سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔