Thursday, March 28, 2024

پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن نمبر گیم بہتر کرنے میں مصروف ہو گئی

پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن نمبر گیم بہتر کرنے میں مصروف ہو گئی
April 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن نمبر گیم بہتر کرنے میں مصروف ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہٰی نے ارکان اسمبلی سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کےمطابق متحدہ اپوزیشن نے پی ٹی آئی کے مزید 22 ارکان اسمبلی سے رابطہ کیا ہے۔ اپوزیشن کے ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ہفتے وزارت اعلی پنجاب کیلئے ہونے والی ووٹنگ میں حمزہ شہباز کو 223 ووٹ ملنے کا امکان ہے۔

گزشتہ رات اپوزیشن رہنماؤں نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔ متحدہ اپوزیشن نے نجی ہوٹل میں علامتی اجلاس میں اپنے 200 ارکان شو کیے تھے۔ علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز کو 199 ووٹ ملے تھے۔

متحدہ اپوزیشن کے ایم پی ایز کو آج گلبرگ کے مقامی ہوٹل سے دوسرے ہوٹل میں منتقل کر دیا جائے گا۔ کینٹ کے علاقہ میں واقع ہوٹل میں 150 کمرے بک کروا لئے گئے۔ گلبرگ کے ہوٹل کے باہر حمایتی اور مخالف کارکنوں کے مظاہروں اور ٹریفک مسائل کے سبب فیصلہ کیا گیا۔ کئی خواتین ارکان اسمبلی ہوٹل سے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئیں۔

حکومت بھی دعوی کررہی ہے کہ ان کے اتحادی ارکان سے رابطے ہیں۔