Sunday, May 12, 2024

پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا عمل جاری

پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی الیکشن میں ووٹنگ کا عمل جاری
July 17, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - تخت پنجاب کے لیے انتخابی جنگ شروع ہوگئی، پنجاب کا حکمران کون،حمزہ شہباز یا چودھری پرویزالہی؟ پنجاب کے 20 حلقوں کے ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ کا وقت ختم ہونے میں ایک گھنٹہ باقی رہ گیا۔

پی پی 228 لودھراں میں 100 سالہ بزرگ اور لاہور ٹاؤن شپ میں 92  سالہ بزرگ ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے۔ سیاسی جماعتوں کے کارکن ووٹرز کو لانے کیلئے متحرک ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی بیس نشستوں میں کل 75 امیدوار مدمقابل ہیں، ضمنی الیکشن میں پینتالیس لاکھ اسی ہزار ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹنگ شام پانچ بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔

لاہور، ملتان، خوشاب، لیہ، بھکر، لودھراں، مظفر گڑھ میں ن لیگ اور تحریک انصاف میں تگڑا جوڑ ہے۔ تحریک انصاف کے کھلاڑی اور ن لیگی متوالے پرجوش ہیں، شہری صبح سویرے ہی ووٹ ڈالنے پہنچنے لگے۔

لاہور اور ملتان کے تمام متعلقہ حلقے انتہائی حساس قرار دئیے گئے ہیں، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں، سکیورٹی کیلئے پولیس اور رینجرز تعینات ہے، پاک فوج اسٹینڈ بائی رہے گی۔

لاہور کے چار حلقوں میں ن لیگ اور تحریک انصاف میں کانٹے کا مقابلہ ہے، پی پی ایک سو سڑسٹھ میں شبیر گجر اور نذیر چوہان آمنے سامنے ہیں، پی پی ایک سو اڑسٹھ میں نواز اعوان کا اسد کھوکھر سے مقابلہ ہے، پی پی ایک سو اٹھاون میں اکرم عثمان اور احسن شرافت مدمقابل ہیں، پی پی ایک سو ستر میں ظہیر کھوکھر اور امین گجر میں تگڑا جوڑ ہے۔ شیخوپورہ کے واحد حلقے میں پی ٹی آئی کے خرم شہزاد اور ن لیگ کے میاں خالد میدان میں ہیں۔

ضمنی الیکشن کا سب سے بڑا مقابلہ ملتان میں ہے، پی پی دو سو سترہ ملتان میں زین قریشی اور سلمان نعیم مدمقابل ہیں، پی پی دو سو چوبیس لودھراں میں عامر شاہ اور زوار وڑائچ کا مقابلہ ہے، پی پی دو سو اٹھائیس لودھراں میں عزت جاوید اور نذیر خان آمنے سامنے ہیں۔

پی پی دو سو اٹھاسی ڈی جی خان میں سیف کھوسہ اور قادر کھوسہ مدمقابل ہیں، پی پی دو سو سینتیس بہاولنگر میں آفتاب رضا اور فدا حسین کا مقابلہ ہے، پی پی دو سو بہتر مظفرگڑھ میں معظم جتوئی اور زہرا بخاری مدمقابل ہیں، پی پی دو سو تہتر مظفرگڑھ میں یاسر جتوئی اور سبطین رضا آمنے سامنے ہیں، پی پی دو سو بیاسی لیہ میں قیصر عباس اور طاہر رندھاوا میں کڑا مقابلہ ہے۔

پی پی ایک سو پچیس جھنگ میں میاں اعظم اور فیصل حیات آمنے سامنے ہیں، پی پی ایک سو ستائیس جھنگ میں نواز بھروانہ اور اسلم بھروانہ مدمقابل ہیں، پی پی نوے بھکر میں عرفان نیازی اور سعید نوانی آمنے سامنے ہیں۔

پی پی ستانوے فیصل آباد میں علی ساہی اور اجمل چیمہ آمنے سامنے ہیں، پی پی دو سو دو ساہیوال میں غلام سرور اور نعمان لنگڑیال مدمقابل ہیں، پی پی سات راولپنڈی میں شبیر اعوان اور راجہ صغیر کا مقابلہ ہے، پی پی تراسی خوشاب میں ملک حسن اور امیر حیدر مدمقابل ہیں۔