Saturday, July 27, 2024

پنجاب اسمبلی میں روز نیا ہنگامہ، آج بھی تاحال بجٹ اجلاس شروع نہ ہو سکا

پنجاب اسمبلی میں روز نیا ہنگامہ، آج بھی تاحال بجٹ اجلاس شروع نہ ہو سکا
June 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب اسمبلی میں آج بھی تاحال بجٹ اجلاس شروع نہ ہو سکا۔ اسپیکر پرویز الہی چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کی پیشی پر بضد ہیں۔

صوبائی حکومت نے اسپیکر کے مطالبے کو یکسر مسترد کر دیا۔ ادھر حکومتی اور اپوزیشن کی ایڈوائزری کمیٹی مذاکرات کے باوجود گھنٹوں کسی معاہدے پر نہ پہنچ سکی۔ مسلم لیگ ن کے ملک محمد احمد خان اور چودھری مونس الہی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملک محمد احمد خان نے مونس الہی کو کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کر دیا اور کہا بجٹ پیش کروانے دیا جائے۔

چودھری مونس الہی نے کہا کہ کمیٹی کے معاملے پر اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کرکے جواب دیں گے۔ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز تین بجے کے بعد پنجاب اسمبلی پہنچے۔

حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ صوبے کے 12 کروڑ عوام کل سے بجٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔ ٹوٹا بازو دکھانے والے شخص کی انا ختم نہیں ہو رہی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ اسمبلی میں آئی جی پنجاب آئیں گے نہ چیف سیکریٹری، بجٹ پیش کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سبطین خان کا کہنا ہےآئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری جیت گئے تو اپوزیشن جماعتیں پیچھِے ہٹ جائیں گی۔

سابق وزیراعلی عثمان بزدار اسمبلی پہنچے اور میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ جب بھی بجٹ ہوتا تھا چیف سیکرٹری اور آئی جی اسمبلی میں ہوتے تھے۔

پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی راجہ بشارت نے کہا ہے کہ اسمبلی اسپیکر کی رولنگ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پریس گیلری میں داخلے سے روکنے پر صحافیوں نے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں احتجاج کیا۔ صحافیوں نے اپوزیشن لیڈر سبطین خان اور علی گیلانی کا گھیراؤ کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں من پسند صحافیوں کو داخل ہونے کی اجازت ہے۔

اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رکن علی گیلانی نے کہا کہ جب تک معاملہ حل نہیں ہوتا ایڈویزاری کونسل کے اجلاس میں نہیں جاؤں گا۔