Wednesday, April 24, 2024

پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب

پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب
April 7, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئے۔

نجی ہوٹل میں چیئرمین پینل کی رکن شازیہ عابد کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا علامتی اجلاس ہوا جس میں حمزہ شہباز 199 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئے۔ مریم نواز حمزہ کے انتخاب پر آبدیدہ ہوگئیں اور آگے بڑھ کر  ان کے گلے ملیں، حمزہ شہباز نے بھی ان کے سر پر ہاتھ رکھ کر پیار دیا۔ حمزہ شہباز نے کہا  ارکان نے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا۔

اس سے قبل مریم نواز  حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کیلئے گلبرگ کے مقامی ہوٹل پہنچیں۔ کئی روز سے ہوٹل میں قیام پذیر اپوزیشن ارکان سے مریم نواز  نے ملاقات کی۔ غیر رسمی گفتگو میں کہا یہ جتنے مرضی اجلاس منسوخ کر لیں عمران خان کی جعلی حکومت کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

ترین گروپ کے عون چودھری بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ عبدالعلیم خان بھی گروپ ارکان کے ہمراہ ہوٹل پہنچے۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں ارکان کو پہنچانے کے لیے اسپیشل بسیں لائی گئیں۔ بس میں ایک ساتھ بیٹھ کر مریم اور حمزہ لیگی ارکان کے ہمراہ ہوٹل پہنچے۔ خواتین ارکان بھی گاڑی میں موجود تھیں۔ مریم نواز نے ویڈیو کال پر نواز شریف سے بات کی اور بس میں موجود تمام ایم پی ایز بھی انہیں دکھائے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز راستے میں ہاتھ ہلا کر لیگی کارکنوں اور اراکین اسمبلی کے نعروں کا جواب بھی دیتی رہیں۔ لیگی رہنماؤں نے ارکان اسمبلی کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔