Saturday, April 20, 2024

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا کردار عمران نیازی کے چپڑاسی جیسا بن چکا ہے، حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا کردار عمران نیازی کے چپڑاسی جیسا بن چکا ہے، حمزہ شہباز
May 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا کردار عمران نیازی کے چپڑاسی جیسا بن چکا ہے۔

مشترکہ اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز پر بھرپور اعتماد کے اظہار کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ اجلاس میں پیش کردہ قرارداد میں صوبے کی ترقی کو روکنے اور حکومت کو آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں رکاوٹیں ڈالنے کے غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔ قرارداد میں گورنر کی تعیناتی کو روکنے کے غیر آئینی اقدامات کی بھی شدید مذمت کی گئی۔ قرارداد میں سپیکر پرویز الہٰی کے خلاف عدم اعتماد کے لئے آئین میں مقرر کردہ 7 روز کی مدت پر عمل نہ کرنے کے اقدام کی بھی سخت مذمت کی گئی۔

وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا آئین اور قانون کے مطابق چلیں گے۔ اللہ کریم مدد کرے گا۔ کھیل تماشوں کا انجام قریب ، یہ راستہ نہیں روک سکتے۔ ہم نے کام کیا ہے، عوام ہمارا ٹریک ریکارڈ دیکھ کر ووٹ دیں گے۔ اتحادیوں سے کیے گئے تمام وعدے  پورے کیے جائیں گے۔ کسی کو صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

میڈیا گفتگو میں عطا تارڑ بولے اسمبلی کے اندر پرویز الہی کے غنڈے موجود ہیں۔ پہلے بھی گجرات سے غنڈے بلا کر حملہ کیا گیا تھا۔ حسن مرتضی نے کہا ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں۔ اسمبلی ضرور جائیں گے۔ عظمی بخاری نے کہا کہ عمران خان جو زبان استعمال کر رہے ہیں اس پر مذمت کے بجائے مرمت کی ضرورت ہے۔