Saturday, April 20, 2024

پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل پولیس کا ایکشن، سیکرٹری اسمبلی رائے ممتاز گرفتار

پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے قبل پولیس کا ایکشن، سیکرٹری اسمبلی رائے ممتاز گرفتار
May 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس سے قبل پولیس نے سیکرٹری اسمبلی رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا۔

اہل خانہ کے مطابق  پولیس نے رات  کے وقت گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس رائے ممتاز کو نامعلوم مقام پر لے گئی۔ اسپیکر پرویز الہی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر ساڑھے بارہ بجے طلب  کر رکھا ہے ۔ اس سے قبل اجلاس تیس مئی کو شیڈول تھا۔ پرویز الہی نے رولز بی پچیس کے تحت اجلاس کی تاریخ تبدیل کی۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس دیواریں پھلانگ کر رائے ممتاز کے گھر میں داخل ہوئی۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ لک کی گرفتاری کیلئے ان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس ملازمین نے چھاپے کے دوران  توڑ پھوڑ کی اور اہلخانہ کو ہراساں بھی کیا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے رائے ممتاز کی گرفتاری، محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ لک کے گھر چھاپوں کی مذمت کی ہے۔ کہتے ہیں پنجاب اسمبلی کے سینئر آفیسرز کی گرفتاری اور چھاپے حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ شریفوں کا چہرہ قوم کے سامنے آ رہا ہے۔ حکومت کا یہ ایکشن فسطائیت ہے۔ یہ سب  کچھ شہباز شریف کے حکم پر ہورہا ہے۔ اسمبلی کے ایوان کا تقدس پامال کرنے کے بعد حکومت کے نئے ہتھکنڈے سامنے آرہے ہیں۔ غیر آئینی اور جعلی حکومت آئین اور قانون کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔