Friday, April 19, 2024

پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی چھ جون تک ملتوی

پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی چھ جون تک ملتوی
May 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی چھ جون تک ملتوی ہو گیا۔

پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی نے اسپیکر کےخلاف عدم اعتماد کی قرارداد غیر فعال کر دی۔ تحریک کے محرر کو بار بار پکارا گیا۔ نہ آنے پر قرارداد نمٹا دی گئی۔

پنجاب اسمبلی کے اہم اجلاس میں اسمبلی کی اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ پنجاب اسمبلی کے تمام دروازوں کا کنٹرول پنجاب پولیس نے سنبھال رکھا۔ اسمبلی ملازمین سمیت اراکین اسمبلی کو بھی اسمبلی سیکرٹریٹ میں داخلہ کی اجازت نہ دی گئی۔

پی ٹی آئی کے ایم پی اے  نوابزادہ منصور اور رانا شہباز کو بھی اسمبلی میں داخلے کی اجازت نہ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا ن لیگ کے پاس اکثریت نہیں اسلئیے اندر جانے سے روکا جا رہا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی اسمبلی پہنچے تو ان کا کہنا تھا ہمارے ایک ایک ایم پی اے کے حوصلے بلند ہیں۔ انشاء اللہ دونوں باپ بیٹوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے بھی پنجاب اسمبلی کے گیٹ پر دھرنا دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا مختلف گیٹوں سے پیدل چل کر ادھر پہنچا ہوں۔ حمزہ شہباز نے پولیس کو اپنا ملازم بنا لیا ہے۔

ادھر 90 شاہراہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطاء تارڑ کا کہنا تھا اسمبلی پر غیرمتعلقہ افراد کا قبضہ ہے کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

حکومتی اتحاد کے اراکین اسمبلی 90 شاہراہ سے پیدل پنجاب اسمبلی پہنچے تو انہیں بھی مین گیٹ پر روک لیا گیا ۔ اراکین اسمبلی نے احتجاج کیا اور اسپیکر اور سیکرٹری اسمبلی کیخلاف نعرے بازی کی۔