Thursday, May 19, 2022

پنجاب اسمبلی کا اہم ترین اجلاس آج شام ساڑھے سات بجے طلب

پنجاب اسمبلی کا اہم ترین اجلاس آج شام ساڑھے سات بجے طلب
April 6, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب اسمبلی کا اہم ترین اجلاس آج شام ساڑھے سات بجے طلب کر لیا گیا۔

 اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کیا جائے گا۔ پہلے ڈپٹی اسپیکر نے پنجاب اسمبلی اجلاس سولہ اپریل تک مؤخر کر دیا تھا۔ حکومت کا موقف تھا کہ ایوان میں توڑ پھوڑ  کے باعث سامان کی مرمت کیلئے اجلاس ملتوی کیا جارہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے  فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا ڈپٹی اسپیکر توہین عدالت نہ کریں۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کیلئے تحریک انصاف نے پارٹی ارکان پنجاب اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیئے۔ نوٹس پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی طرف سے جاری کئے گئے ۔ وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں پارٹی امیدوار چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دینے کا پابند کر دیا۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا پارٹی چیئرمین عمران خان نے چوہدری پرویز الہی کو وزیراعلی کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے ۔ پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دیں ۔ غیر حاضری بھی ڈسپلن کی خلاف ورزی تصور ہو گی ۔ الیکشن کے روز غیر حاضر رہنا یا خلاف ووٹ دینے پر آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی ہو گی ۔

ذرائع کے مطابق خلاف ورزی پر منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس دائر کیئے جائیں گے۔ منحرف ارکان کی حمزہ شہباز کے ساتھ پریس کانفرنس اورملاقاتوں کا ریکارڈ اکٹھا کر لیا گیا۔ ایوان میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کی فوٹج بھی ریکارڈ کا حصہ بنالی گئی۔