Thursday, May 2, 2024

پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی نعرے بازی

پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی نعرے بازی
April 2, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا، 11 بجے بلایا گیا اجلاس 3 بجے ملتوی کرنا پڑا۔

پنجاب میں وزارت اعلی کی دوڑ، اسپیکر چودھری پرویز الہٰی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3 گھنٹے 53 منٹ لیٹ شروع ہوا، اجلاس کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ ایوان مچھلی منڈی کامنظرپیش کرنے لگا۔ ایوان میں حکومتی بنچوں سے شیم شیم اور چیری بلاسم کے نعرے لگتے رہے تو لیگی اراکین گو نیازی گو اور شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے۔

وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری ہونے کے بعد وزارت اعلیٰ کے لیے چودھری پرویز الہٰی اور حمزہ شہباز نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی نے وزیر اعلی پنجاب کے انتخاب کا طریقہ کار بھی بتایا۔ اُنہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی کا انتخاب ہاؤس میں ڈویژن کے ذریعے ہوگا۔

وزارت اعلیٰ کا انتخاب 3 اپریل کو صبح ساڑھے 11 بجے ہوگا، اسپیکر چودھری پرویز الٰہی نےاجلاس کل تک ملتوی کر دیا۔ اس سے پہلے عبوری وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی پنجاب اسمبلی آمد پر سابق صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔

غیررسمی بات چیت میں عثمان بزدار نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی کوبھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے،، چودھری مونس الہٰی ترین گروپ کے رکن رفاقت گیلانی کو لے کر پنجاب اسمبلی پہنچے۔