Friday, April 19, 2024

پٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے 30 فیصد مہنگائی بڑھے گی، عمران خان

پٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے 30 فیصد مہنگائی بڑھے گی، عمران خان
June 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے 30 فیصد مہنگائی بڑھے گی، تنخواہ دار طبقہ اور غریب پس جائے گا۔

جمعرات کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ بار میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان کی حقیقی آزادی میں وکلاء کا خاص کردار ہوگا۔

عمران خان بولے موجودہ حکمرانوں کا مقصد این آر اور ٹو لینا ہے، عوام اور معیشت سے ان کو کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے تسلیم کیا کہ سازش ہوئی، قوم نے آج اسٹینڈ نہیں لیا تو کوئی وزیراعظم آزاد خارجہ پالیسی نہیں بنا سکے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کو قبول کرلینا چاہیے تھا، روس کے دورے کی وجہ سے امریکا ناراض ہوا، امریکی انڈر سیکرٹری نے کہا کہ عدم اعتماد میں عمران کو نا ہٹایا تو بہت برا ہوگا، اگر ہٹا دیا تو معاف کردیا جائے گا، امریکی حکم کے بعد ہمارے اتحادی اور پندرہ بیس لوٹوں کو خیال آگیا۔ سندھ ہاؤس میں منڈی لگائی گئی، منڈی لگانے کے بعد لوٹے خریدے گئے، ان لوٹوں کی مدد سے حکومت گرائی گئی، ہماری حکومت کے پہلے دو سال بہت مشکل تھے، دوست ممالک نے ہمیں دیوالیہ ہونے سے بچایا، دو سال بعد کرونا وائرس کی وبا آگئی، پوری دنیا شٹ ڈاؤن پر چلی گئی ، مگر ہم نے کہا کہ اگر شٹ ڈاؤن کیا تو لوگ مرجائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے آخری دو سال میں جی ڈی پی پانچ تھی، چوتھے سال میں ترقی کی شرح چھ ہونا تھی، بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات زر بھجوائیں۔

عمران خان مزید بولے کہ وہ جلد تگڑا شو کرنے والے ہیں لیکن ابھی نہیں بتائیں گے کہ کیا کرنے والے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔