Wednesday, April 24, 2024

پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ، نوابشاہ میں رکشہ ڈرائیور نے اپنے دو رکشوں کو آگ لگا دی

پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ، نوابشاہ میں رکشہ ڈرائیور نے اپنے دو رکشوں کو آگ لگا دی
June 16, 2022 ویب ڈیسک

نوابشاہ (92 نیوز) - پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کرنے پر شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، نوابشاہ میں رکشہ ڈرائیور نے اپنے دو رکشوں کو آگ لگا دی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر نوابشاہ میں شہری نے پریس کلب کے سامنے انوکھا احتجاج کیا۔ معاشی حالات سے تنگ شہری نے اپنے دونوں رکشوں کو آگ لگا دی۔ دونوں رکشے کچھ ہی دیر میں خاکستر ہوگئے۔ شہری کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں گزارا نہیں ہورہا، حکومت نے نوٹس نہ لیا تو کل اپنے بچوں سمیت خود کو بھی جلا دونگا۔

حیدر آباد میں اسٹیشن روڈ پر تاجروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے احتجاجا موٹر سائیکل کو آگ لگا دی اورحکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے۔

جام نواز علی میں نوجونواں نے بھی انوکھا احتجاج کیا۔۔ پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے موٹر سائیکل کا جنازہ ہی نکال دیا۔ نوجوانوں کا کہنا تھا کہ پیڑول اتنا مہنگا ہوگیا کہ موٹرسائیکل بھی نہیں چلا سکتے، مطالبہ کیا کہ حکومت پیڑول کی قیمتیں کم کرئے۔

میرپورخاص میں گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ٹرک کھڑے کرکے روڈ بلاک کر دیا۔ کہا کہ ظلم کی انہتا ہوگئی، جو کچھ کماتے ہیں پیڑول خریدنے میں ہی خرچ ہوجاتا ہے۔ کہا کہ حکومت خودکشیوں پر مجبور نہ کرئے۔ اضافہ فوری واپس لے۔

سجاول میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے چوہڑجمالی سجاول روڈ پر دھرنا دے دیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

سندھ بھر کے مظاہرین مطالبہ کر رہے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لو اور مہنگائی کم کرو۔