اسلام آباد (92 نیوز) - مہنگائی کا طوفان تھم نہ سکا اور اب خبر یہ ہے کہ حکومت ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں سے متعلق دو تجاویز حکومت کو بھجوائی گئی ہیں، پہلی تجویز کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل پر 2 سے 5 فیصد فی لٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی ہے، ڈیزل پر 5 سے 10 روپے فی لٹر لیوی عائد کرنے کی بھی تجویز اس میں شامل ہے۔ اگر حکومت کی جانب سے دو فیصد جی ایس ٹی عائد کی جاتی ہے تو پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لٹر بڑھائی جا سکتی ہے۔ 5 فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے پر فی لٹر قیمت میں 13 روپے 60 پیسے اضافہ ہو جائے گا۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 سے 15 روپے فی لٹراضافے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے اپنی دوسری تجویز میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویر دی ہے۔ جس میں اوگرا کا کہنا ہے کہ عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے بھی قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔ قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر خزانہ، وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد کریں گے۔