Friday, April 26, 2024

پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر پی ٹی آئی نے اسحاق ڈار کو آڑے ہاتھوں لیا

پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر پی ٹی آئی نے اسحاق ڈار کو آڑے ہاتھوں لیا
January 29, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پٹرول کی بڑھتی قیمتوں پر پی ٹی آئی نے اسحاق ڈار کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کہتے ہیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 35 روپے اضافہ عوام کے ساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے۔ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔

حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے اپوزیشن کو بھی چکرا دیا۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں 35 روپے بڑا اضافہ عوام کے ساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی ہےاور دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہے۔

رہنما پی ٹی آئی حماد اظہر بولے ۔پی ڈی ایم نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر انتہائی کم پو چکی ہے۔ تیل سمیت تمام امپورٹڈ اشیاء اب بہت زیادہ مہنگی پڑیں گی۔

افتخار درانی نے کہا پاکستان کو پلان کے تحت دیوالیہ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ پاکستان کی عوام اس ٹولے اور اسکے سہولت کاروں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔