Saturday, May 18, 2024

پٹرول 10، ہائی اسپیڈ ڈیزل ساڑھے سات روپے سستا کردیا گیا

پٹرول 10، ہائی اسپیڈ ڈیزل ساڑھے سات روپے سستا کردیا گیا
December 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ پٹرول 10، ہائی اسپیڈ ڈیزل ساڑھے سات روپے سستا کر دیا گیا۔

وفاقی حکومت نے اگلے پندرہ روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے اعلان کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 10 روپے کمی کر دی گئی۔ پٹرول کی نئی قیمت 214 روپے 80 پیسے فی لٹر ہو گی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 7 روپے کمی کی گئی جس سے اس کی فی لٹر قیمت 227 روپے 80 پیسے ہو گئی۔

مٹی کا تیل 10 روپے فی لٹر کمی کے بعد 171 روپے 83 پیسے فی لٹرفروخت ہو گا، لائٹ ڈیزل کی فی لٹرقیمت 10 روپے کمی کے بعد 169 روپے فی لٹر ہو گی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر عام لوگوں نے ملے جلے تاثرات کا اظہار کیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے ہو گیا ہے اور یہ اگلے پندرہ روز تک برقرار رہے گا۔