Sunday, April 28, 2024

پی ٹی آئی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم

پی ٹی آئی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم
November 15, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ عمران خان کہتے ہیں پاناما لیکس پر کہانی نے قلابازی کھا لی۔ بات رائیونڈ سے دبئی وہاں سے قطر اور پھر مے فیئر تک چلی گئی۔ سپریم کورٹ کی کارروائی سے مطمئن ہیں۔ کیس جلد نمٹانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس الزامات نہیں ثبوت ہیں۔ مسلم لیگ (ن) فلیٹس سے متعلق نئی کہانی گھڑ لائی۔ 7ماہ بعد قطر کے ثانی صاحب اچانک سامنے آگئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے ہمارے کئی ثبوتوں کی تعریف بھی کی۔ جو کر سکتے تھے کیا۔ قوم کی نظریں عدالت پر ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے پرامن احتجاج کے راستے روکے گئے۔ کارکنوں پر ظلم ڈھایا اور معافی بھی نہیں مانگی گئی۔ یہ کیسی جمہوریت ہے۔ ترک صدر طیب اردگان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں تاہم نوازشریف کی موجودگی میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نہیں جائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا یہ بھی کہناتھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول ہو گا۔ اگر قبول نہ ہوتا تو ہم عدالت میںکیوں جاتے؟ سپریم کورٹ کا یہ کہنا کہ کیس کو لمبا نہیں کھینچ سکتے خوش آئند ہے۔