Tuesday, May 7, 2024

پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
November 12, 2016
  اسلام آباد(92نیوز)تحریک انصاف نے سترہ نومبر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کا وفد ترک صدر طیب اردگان سے علیحدہ ملاقات کرے گا شیخ رشید بھی مشترکہ اجلاس میں نہیں جائینگے۔ تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف پھر ڈٹ گئی پہلے 5اکتوبر کو بھارتی بربریت کےخلاف اور اب 17نومبر کو ترک صدر طیب اردگان کے خطاب کےلئے بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنیکا فیصلہ کرلیا یہ فیصلہ عمران خان کی صدارت میں ہونیوالے پارٹی اجلاس میں کیا گیا۔ تحریک انصاف کا کوئی رکن قومی اسمبلی یا سینیٹر مشترکہ اجلاس میں شریک نہیں ہوگا  پی ٹی آئی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کےخلاف سپریم کورٹ میں کیس چل رہا ہے نوازشریف متنازع وزیراعظم ہیں اس لئے پارلیمنٹ میں نہیں جائینگے۔ شاہ محمود قریشی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف ترک صدر طیب اردگان کی آمد کا بھرپور خیرمقدم کرتی ہے۔ ترکی سے محبت اور احترام والا رشتہ ہے ترک سفیر سے مل کر اپنا نقطہ نظر پیش کریں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ طیب اردگان سے پی ٹی آئی قیادت کی علیحدہ ملاقات کرائی جائے۔ دوسری جانب عمران خان سے بنی گالہ میں شیخ رشید نے بھی ملاقات کی  عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے بھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا ۔ دونوں رہنماءپاناما لیکس کے نئے ثبوت مل کر سپریم کورٹ میں پیش کرنے پر بھی آمادہ ہوگئے۔