Wednesday, April 24, 2024

پی ٹی آئی نے دو نومبر کے دھرنے کیلئے پلان اے فائنل کر لیا

پی ٹی آئی نے دو نومبر کے دھرنے کیلئے پلان اے فائنل کر لیا
October 22, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دھرنے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ پلان اے فائنل کر لیا گیا۔ حکومت کی جانب سے رکاوٹیں نہ ڈالنے کی صورت میں قافلے جلوس کی شکل میں اسلام آباد جائیں گے اور اگر حکومت نے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تو پلان بی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد دھرنے کے حوالے سے بہت پرجوش نظر آر ہی ہے۔ دھرنے کے حوالے سے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہ ڈالی تو دو نومبر کو تمام صوبوں سے کھلاڑی جلوسوں کی شکل میں اسلام آباد پہنچیں گے جہاں کپتان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے پلان اے کے مطابق لاہور سے جلوس کی قیادت جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کریں گے۔ اسدعمر راولپنڈی سے آنے والے جلوس کی قیادت کریں گے جبکہ وزیراعلیٰ کے پی کے پرویزخٹک اور شاہ فرمان کی قیادت میں پشاور سے جلوس اسلام آباد پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق اگر حکومت نے کسی قسم کی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو پلان بی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ پلان بی کے مطابق جس جلوس کو جہاں روکا جائے گا وہیں پر دھرنا دے دیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے آپس میں رابطے کے لیے ٹاسک فورس کو سمارٹ فونز بھی دیے جا رہے ہیں جس پر وہ سکائپ کے ذریعے مرکزی مانیٹرنگ سیل سے رابطے میں رہیں گے۔ ٹاسک فورس کو حالات کے مطابق مرکزی مانیٹرنگ سیل سے ہدایات دی جائیں گی۔