Saturday, April 20, 2024

پشاور زلمی کا سفر تمام، لاہور قلندرز پی ایس ایل ایٹ کے فائنل میں پہنچ گئی

پشاور زلمی کا سفر تمام، لاہور قلندرز پی ایس ایل ایٹ کے فائنل میں پہنچ گئی
March 18, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پشاور زلمی کا پاکستان سپرلیگ سیزن ایٹ میں سفر ختم ہوگیا، لاہور قلندرز ایونٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ لاہور قلندرز نے اعصاب شکن مقابلہ کے بعد پشاورزلمی کو 4 وکٹ سے شکست دی۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان فائنل آج لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل کے اعصاب شکن ایلیمینیٹر ٹو میچ میں لاہور قلندرز فاتح،،، ساتھ ہی پشاور زلمی کا سفر بھی اختتام کو پہنچا،،، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹ سے ہرایا۔

پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 5 وکٹ پر 171  رنز بنائے، صائم ایوب کے 9 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور محمد حارث نے نواسی رنز کی شراکت قائم کی، بابر اعظم نے 36 گیندوں پر 42 اور محمد حارث نے 54 گیندوں پر 85 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے ٹام کوہلر صفر، عامر اجمل ایک رن بناکر پویلین لوٹے جبکہ بھنوکا راجا پاکسے 25 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے زمان خان اور راشد خان نے 2، 2 جبکہ کپتان شاہین آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں لاہور قلندرز کے کھلاڑی کچھ دباؤ کا شکار رہے تاہم انہوں نے رن ریٹ گرنے نہ دیا اور وکٹ کے چاروں پر وقفہ وقفہ سے اچھے اسٹروک کھیلے۔

طاہر بیگ 42 گیندوں پر 54 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، سیم بلنگ نے 28 اور سکندر رضا نے 23 رنز کی اننگ کھیلی۔

لاہور قلندرز نے 172 رنز کا ہدف 6 وکٹ پر 19 ویں اوور میں پورا کرلیا، شاہین شاہ آفریدی نے چھکا لگا کر اننگ کا خاتمہ کیا۔

ایونٹ میں بابراعظم نے سب سے زیادہ 64 چوکے لگائے جبکہ سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

پاکستان سپرلیگ سیزن ایٹ کا فائنل آج لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا، اگر بارش کے باعث میچ آج مکمل نہ ہوسکا تو اتوار کو کھیلا جائے گا۔