Monday, May 6, 2024

پشاور پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکا، اہلکاروں سمیت 44 نمازی شہید، 150 سے زائد زخمی

پشاور پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکا، اہلکاروں سمیت 44 نمازی شہید، 150 سے زائد زخمی
January 30, 2023 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) پولیس لائنز میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 44 افراد شہید جبکہ 150 کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا پولیس لائنز کی مسجد کے اندر نماز کے دوران ہوا، زخمیوں میں بیشتر پولیس اہلکار ہیں جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے شہریوں سے خون کے عطیات کی اپیل کی ہے،

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔

سکیورٹی حکام کے مطابق خودکش حملہ آور نے نماز ظہر کی ادائیگی کے دوران خود کو دھماکے سے اڑایا، حملہ آور پہلی صف میں موجود تھا جبکہ پہلی اور دوسری صف میں کھڑے نمازی زیادہ متاثر ہیں۔

دھماکے کے بعد مسجد کے ایک حصے کی چھت گر گئی، پولیس لائنز کے داخلی راستے مکمل طور پر بند کردیئے گئے، ٹیمیں شواہد جمع کرنے میں مصروف ہیں۔