Saturday, April 20, 2024

پشاور میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ، پولیس اہلکار سمیت 56 افراد شہید، 100 سے زائد زخمی

پشاور میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ، پولیس اہلکار سمیت 56 افراد شہید، 100 سے زائد زخمی
March 4, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) - پشاور کے قصہ خوانی بازار کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ سے دھماکے میں پولیس اہلکار سمیت 56 افراد شہید جبکہ  100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخمی ہونے والے 194 افراد کو منتقل کیا گیا۔ پشاور دھماکے کے بعد شہر بھر کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے خون کے عطیات کی اپیل کی گئی ہے۔

دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج کے مطابق حملہ آور چترالی بازار کی طرف سے آیا، پہلے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کیا اور پھر مسجد میں داخل ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد دو تھی۔

آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے دھماکے میں 150 سے زائد بال بیئرنگ استعمال کئے گئے، حملہ آور نے تیسری صف میں خود کو دھماکے سے اڑایا، موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے سینے پر گولی کھائی۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق مسجد میں دو حملہ آوروں نے گھسنے کی کوشش کی، روکنے پر دھماکا کر دیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ مسجد رسالدار کے گراؤنڈ فلور پر ہوا، مسجد میں کم از کم 500 سے زائد افراد ہوتے ہیں، علاقے کے تمام افراد اسی مسجد میں جمعہ پڑھنے آتے ہیں، خودکش حملہ آور نے پہلی صف میں خود کو دھماکے سے اڑایا۔

وزیراعظم عمران خان نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی، واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کردی۔

اپوزیشن رہنماء شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر سیاسی قیادت کی جانب سے دہشت گرد دھماکے کی مذمت کی گئی۔