Tuesday, April 23, 2024

پرویز الہیٰ نے ڈپٹی اسپیکر کے تمام اختیارات ختم کر دئیے

پرویز الہیٰ نے ڈپٹی اسپیکر کے تمام اختیارات ختم کر دئیے
April 6, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے ڈپٹی اسپیکر کے تمام اختیارات ختم کر دئیے۔

اسپیکر کی ہدایت کے مطابق رول 25 کے تحت دئیے گئے تمام اختیارات کو فی الفور ختم کیا جاتا ہے۔ ادھرمتحدہ اپوزیشن نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا۔

دوسری طرف اسپیکر چودھری پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ارکان اسمبلی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد دائر کئے بغیر واپس لوٹ گئے۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے اجلاس 16 اپریل کی  صبح ساڑھے گیارہ بجے ہی ہو گا۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج کی بجائے سولہ اپریل تک مؤخر ہو گیا تھا ۔ ایوان اور لابی میں ٹوٹ پھوٹ اور سامان کی مرمت کے لئے اجلاس تاخیر کا شکار ہوا۔ ذرائع کے مطابق ہنگامہ آرائی میں ملوث اپوزیشن کے پندرہ سے بیس افراد کی رکنیت معطل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ فیصلہ اسپیکر کی قائم کردہ کمیٹی کی رپورٹ پر ہو گا۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کیلئے تحریک انصاف نے پارٹی ارکان پنجاب اسمبلی کو نوٹس جاری کر دیئے۔ نوٹس پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر کی طرف سے جاری کئے گئے ۔ وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں پارٹی امیدوار چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دینے کا پابند کر دیا۔

نوٹس کے متن میں کہا گیا پارٹی چیئرمین عمران خان نے چوہدری پرویز الہی کو وزیراعلی کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے ۔ پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دیں ۔ غیر حاضری بھی ڈسپلن کی خلاف ورزی تصور ہو گی ۔ الیکشن کے روز غیر حاضر رہنا یا خلاف ووٹ دینے پر آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی ہو گی ۔

 ذرائع کے مطابق خلاف ورزی پر منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس دائر کیئے جائیں گے۔ منحرف ارکان کی حمزہ شہباز کے ساتھ پریس کانفرنس اورملاقاتوں کا ریکارڈ اکٹھا کر لیا گیا۔ ایوان میں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کی فوٹج بھی ریکارڈ کا حصہ بنالی گئی۔